انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں پاکستانی طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک طلائی اور دو چاندی کے تمغے اپنے نام کر لیے۔
انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کا انعقاد 2 سے 8 اگست تک سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہوا، جس میں 19 ممالک کے 120 طلبہ اور ماہرین نے شرکت کی۔ مقابلے میں چین، جاپان، روس، ترکیہ، ملائیشیا، انڈونیشیا، سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کے طلبہ شریک ہوئے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی سرپرستی میں شریک پاکستانی ٹیم نے ایک طلائی اور دو چاندی کے تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طالب علم محمد علی نے طلائی تمغہ حاصل کیا، جبکہ ایف جی سر سید کالج راولپنڈی کے محمد عثمان اور نکسر کالج کراچی کی سیرت فاطمہ بھٹی نے چاندی کے تمغے اپنے نام کیے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اعلامیے کے مطابق چوتھے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کی میزبانی 2027 میں پاکستان کرے گا، جو ملک کے لیے ایک اہم اعزاز تصور کیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








