اسحاق ڈار سے 50 کروڑ روپے نقد اور جائیداد کی ریکوری کی، چیئرمین نیب

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کے خلاف جاری تحقیقات میں نیب لاہور نےاسحاق ڈار سے 50 کروڑ روپے نقد اور جائیداد کی ریکوری کی۔

قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب لاہور کا دورہ کیا جہاں ڈی جی نین لاہور شہزاد سلیم نے انہیں میگا کرپشن کے مقدمات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

میگا کرپشن کے مقدمات میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب ملزم شہباز شریف ، ملزم حمزہ شہباز، ملزم سلمان شہباز ودیگر کیخلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات پر بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین نیب کو چوہدری شوگر مل کیس میں ملزم میاں نوازشریف مریم نواز شریف، ملزم یوسف عباس اور ملزم عبدالعزیز کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ، پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں ملزم اکرام نوید کے خلاف مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات پیش رفت کے حوالے سے بتایا گیا۔

چیئرمین نیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیب لاہور نے اسحاق ڈار کے بینک اکاؤنٹس سے 50 کروڑ روپے کی رقم برآمد کرکے پنجاب حکومت کے حوالے کردی ہے اور اس کے ساتھ لاہور گلبرگ میں اسحاق ڈار کا کروڑوں روپے مالیت کا چار کنال کا گھر بھی پنجاب حکومت کے حوالے کیا جارہا ہے۔

چیئرمین نیب نے بتایا کہ گھر فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم حکومت کے خزانے ميں جمع کرائی جائے گی جبکہ چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے سابق چیف فنانشل آفیسر ملزم سے ایک ارب روپے مالیت کے جائیداد برآمد کرکے حکومت پنجاب اور ایرا حکام کے حوالے کی ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب افسران کی وابستگی کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد سے نہیں، ان کا مقصد صرف اور صرف ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ ہے، میگا کرپشن کے مقدمات کی تحقیقات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جن کیسز میں شہادتیں موجود ہیں وہاں ٹھوس اورمضبوط کیس بنائے جائیں، نیب افسران کسی دبا کو خاطر میں لائے بغیر اپنے فرائض آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر انجام دیں، چند ماہ میں نیب نے 71 ارب کی خطیر رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جس میں بڑا کردار نیب لاہور کا ہے۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال نے نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیب لاہور نے 2 سال میں ریکارڈریکوری کی جن میں ایک ارب روپے مالیت کی جائیدادیں بھی برآمد کیں ہیں۔ وہ جائیدادیں بھی حکومت پنجاب کےحوالے کردی گئیں ہیں۔

Related Posts