چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد، ووٹنگ کی تیاریاں مکمل

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Chairman Senate
Chairman Senate

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ آئین کے مطابق متحدہ اپوزیشن کی طرف سے   آج چیئرمین صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔

سینیٹ سیکریٹریٹ نے پولنگ بوتھ میں موبائل فون لے جانے پر پابندی لگا دی ہے۔آئین پاکستان کے مطابق چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدوں کے لیے ووٹنگ کو خفیہ رکھنا لازمی ہے۔ عدم اعتماد سے متعلق بیلٹ پیپرز پر خفیہ رائے شماری کے لیے اراکین سینیٹ کو حروفِ تہجی کی ترتیب سے بیلٹ پیپرز دئیے جائیں گے۔

اگر تحریک عدم اعتماد کے لیے مطلوبہ ووٹ حاصل نہ ہوسکے تو چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اپنے اپنے عہدوں پر کام جاری رکھ سکیں گے، بصورتِ دیگر دونوں عہدوں پر انتخابات کے لیے پریزائڈنگ آفیسر شیڈول کا اعلان کریں گے۔ اس سلسلے میں ووٹنگ کا ہدایت نامہ سینیٹ سیکریٹریٹ کی طرف سے جاری کر دیا گیا ہے۔ ایسا پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی بارہوگا کہ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قراردادوں پر ووٹنگ کروائی جائے گی۔

مختلف سیاسی تجزیہ کاروں کی رائے میں یہ اختیارات کی جنگ ہے ۔ ایک طرف اپوزیشن چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف کھڑی ہو گئی ہے اور میر حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ بنانا چاہتی ہے  تو دوسری جانب تحریک انصاف کی حکومت نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔

عددی اکثریت کا دعویٰ حکومت اور اپوزیشن دونوں نے کیا ہے، تاہم سچائی اور حقیقت کا پتہ ووٹنگ کے بعد ہی چل سکے گا۔ واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد پر سینیٹ کے اجلاس کی صدارت اور ووٹنگ کے لیے پریزائڈنگ افسر کے فرائض بیرسٹر سیف علی انجام دیں گے۔

Related Posts