کراچی میں آج کہاں زیادہ بارش ہوئی، کل موسم کیسا رہے گا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

مون سون سسٹم کے زیر اثر کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں ہفتے کے روز شہر کے مضافاتی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 4 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، جبکہ گلشن معمار میں 3.4 ملی میٹر، پی اے ایف بیس مسرور میں 2.3 ملی میٹر اور گلشن حدید میں 1.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔

ہفتے کی صبح کراچی کا موسم انتہائی مرطوب رہا، تاہم بعد ازاں نچلی سطح کے بادلوں کے باعث شہر بھر میں موسم ابر آلود ہوگیا۔ اس دوران مختلف علاقوں میں پھوار اور بونداباندی جبکہ گلشن معمار، سرجانی ٹاؤن اور اسکیم 33 سمیت کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان و ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم کے مطابق آج اور پیر کو کراچی میں مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ موجودہ موسمی نظام کے تحت کراچی میں تیز بارشوں کا کوئی امکان نہیں، تاہم شہر کے موسم میں تبدیلی برقرار رہے گی۔

ارلی وارننگ کے مطابق شدید کم دباؤ کا نظام کمزور ہو کر ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہوچکا ہے جو جنوب مشرقی راجستھان میں موجود ہے۔ اس کے باعث بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں ملک کے مختلف علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم کے باعث دیہی سندھ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض اضلاع میں تیز بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں ہفتے کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد رہا۔

Related Posts