امریکا نے ویزا قوانین مزید سخت کرتے ہوئے ویزا بانڈ پروگرام کو مستقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت 50 ممالک سے تعلق رکھنے والے بعض افراد کو ویزا حاصل کرنے کیلئے 20 ہزار ڈالر تک کا بانڈ جمع کروانا پڑ سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پالیسی کاروباری اور سیاحتی مقاصد کیلئے جاری کیے جانے والے B1 اور B2 ویزوں پر لاگو ہوگی۔ امریکی حکام ویزا جاری کرنے کی شرط کے طور پر درخواست گزار سے ضمانتی رقم طلب کر سکیں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق 2025 کے پائلٹ پروگرام سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار نے ظاہر کیا کہ ویزا بانڈ نظام ویزا قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوا۔
رپورٹ کے مطابق پرانے پائلٹ پروگرام میں بانڈ کی رقم 5 ہزار، 10 ہزار یا 15 ہزار ڈالر تک تھی، تاہم نئے قانون میں 5 ہزار ڈالر والا آپشن ختم کر کے زیادہ سے زیادہ رقم 20 ہزار ڈالر تک کر دی گئی ہے۔
نیا قانون 3 اگست کو فیڈرل رجسٹر میں باضابطہ اشاعت کے بعد نافذ العمل ہوگا۔ پروگرام میں شامل 50 ممالک میں سے تقریباً 30 ممالک افریقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کا مقصد ایسے افراد کی تعداد کم کرنا ہے جو ویزا مدت ختم ہونے کے بعد بھی غیر قانونی طور پر امریکا میں قیام کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا حالیہ عرصے میں امیگریشن قوانین مزید سخت کر رہا ہے، جس میں بعض ویزوں کیلئے اضافی فیسیں اور درخواست گزاروں کے سوشل میڈیا جائزے جیسی شرائط بھی شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








