وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دنیا کی 500 بااثر ترین مسلم شخصیات کی تازہ فہرست میں مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ اس فہرست میں سعودی عرب کے بادشاہ اور ولی عہد کے علاوہ ترکیہ کے صدر بھی سرفہرست شخصیات میں شامل ہیں۔
دنیا کی بااثر مسلم شخصیات کی یہ سالانہ فہرست اردن کے دارالحکومت عمان میں قائم تحقیقی ادارے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر (RISSC) کی جانب سے مرتب کی گئی ہے۔
رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر 2009 سے ہر سال دی 500 موسٹ انفلوئنشل مسلمز کے عنوان سے رپورٹ جاری کرتا ہے جس میں مسلم معاشروں کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو شامل کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس مرتبہ فہرست کی تاریخ میں پہلی بار سب سے اعلیٰ مقام ایک سے زائد شخصیات کو دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کی بنیادی وجہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں وضاحت کی گئی ہے کہ پہلی پوزیشن پر مجموعی طور پر پانچ شخصیات کو جگہ دی گئی ہے تاہم انہیں تین مشترکہ اندراجات کے تحت شامل کیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کو مسلم ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور باہمی تحفظ کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی قرار دیا گیا ہے۔
فہرست میں دیگر عالمی رہنماؤں اور پاکستانی شخصیات کی پوزیشن
فہرست میں پہلی پوزیشن پر شامل شخصیات کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای چوتھے جبکہ اردن کے شاہ عبداللہ دوم پانچویں نمبر پر ہیں۔
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو چھٹی پوزیشن دی گئی ہے جبکہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان بارہویں نمبر پر ہیں۔ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کو فہرست میں 22ویں پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔
پاکستان کی معروف مذہبی و علمی شخصیات بھی اس عالمی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں۔ ممتاز عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی کو ساتویں جبکہ معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کو 32ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔
مصر سے تعلق رکھنے والے معروف فٹبالر محمد صلاح 39ویں پوزیشن پر ہیں۔ فلسطینی صدر محمود عباس کو 45ویں جبکہ شام کے عبوری صدر احمد الشرع کو 46ویں نمبر پر شامل کیا گیا ہے۔
نیویارک کے میئر زہران ممدانی بھی فہرست میں نمایاں مقام حاصل کرتے ہوئے 49ویں نمبر پر ہیں۔
سال کی نمایاں شخصیت قرار
رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر ہر سال دو شخصیات کو مین آف دی ایئر اور وومن آف دی ایئر کے اعزازات سے بھی نوازتا ہے۔
اس سال فلسطینی بچوں کے ڈاکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو مین آف دی ایئر قرار دیا گیا ہے جبکہ وومن آف دی ایئر کا اعزاز ایران کے شہر میناب میں لڑکیوں کے ایک اسکول پر حملے میں زندہ بچ جانے والی طالبہ فاطمہ زہرا شیخ آبادی کو دیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








