بھارت کی 17 سالہ ویمن کرکٹر کی خودکشی! آخری دنوں میں کیا ہوا؟ دو نوجوانوں پر الزام

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارتی ریاست تلنگانہ میں انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹیم سے وابستہ 17 سالہ خاتون کرکٹر نندنی کی مبینہ خودکشی کے واقعے نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔ نوجوان کھلاڑی کی لاش ضلع ویکارآباد میں ان کی نانی کے گھر سے برآمد ہوئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نندنی کی موت کے بعد ان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے احتجاج کرتے ہوئے دو نوجوانوں کو مبینہ ہراسانی کا ذمہ دار قرار دیا اور ان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

متوفی کرکٹر کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ انیل اور کرشنا نامی دو نوجوان انہیں ہراساں کر رہے تھے۔ اہل خانہ کے مطابق انیل گزشتہ چند روز سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے نندنی کا پیچھا کر رہا تھا اور انہیں مسلسل پریشان کر رہا تھا جبکہ کرشنا پر اس عمل میں انیل کی معاونت کا الزام لگایا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ حکام نے نندنی کا موبائل فون بھی تحویل میں لے لیا ہے تاکہ اس کا فارنزک تجزیہ کیا جاسکے اور واقعے سے متعلق اہم شواہد حاصل کیے جاسکیں۔

دوسری جانب نندنی کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے دونوں نامزد نوجوانوں کی فوری گرفتاری اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس نے پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد نندنی کی لاش ورثا کے حوالے کردی ہے جبکہ والد کی شکایت پر مشتبہ موت کا مقدمہ درج کرکے واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

Related Posts