فولڈ ایبل کے بعد اب رولیبل فون؟ سام سنگ کی نئی ڈیوائس نے تہلکہ مچا دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

سام سنگ کے آئندہ فولڈ ایبل اسمارٹ فونز سے متعلق ایک نئی لیک نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس کے مطابق کمپنی 2027 کے دوران پانچ مختلف فولڈ ایبل فلیگ شپ ڈیوائسز پر کام کر رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق سام سنگ کی مستقبل کی ڈیوائسز کے کوڈ نیمز بی 9، ایچ 9، کیو 9 اے، کیو 9 بی اور زیڈ 9 سامنے آئے ہیں، جن سے کمپنی کے فولڈ ایبل فونز کے نئے منصوبوں کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بی 9 ممکنہ طور پر گلیکسی زیڈ فلپ 9 جبکہ ایچ 9 گلیکسی زیڈ فولڈ 9 کا کوڈ نیم ہو سکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ گزشتہ ماڈلز گلیکسی زیڈ فلپ 8 اور زیڈ فولڈ 8 کے کوڈ نیم بالترتیب بی 8 اور ایچ 8 تھے۔

لیک میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کیو 9 اے اور کیو 9 بی ممکنہ طور پر گلیکسی زیڈ فولڈ 9 الٹرا اور ٹرائی فولڈ 2 کے مختلف ورژنز ہو سکتے ہیں، تاہم ان معلومات کی ابھی تک سرکاری تصدیق نہیں کی گئی۔

سب سے زیادہ توجہ زیڈ 9 کوڈ نیم والی ڈیوائس نے حاصل کی ہے، جس کے بارے میں قیاس کیا جا رہا ہے کہ یہ روایتی اسمارٹ فون کے بجائے ٹیبلیٹ نما ڈیوائس ہو سکتی ہے۔

ٹیک ماہرین کے مطابق زیڈ 9 ممکنہ طور پر سام سنگ کی پہلی رولیبل ڈسپلے ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیوائس ہو سکتی ہے، جس میں اسکرین کو فولڈ کرنے کے بجائے رول کیا جا سکے گا۔

تاہم سام سنگ نے ان لیکس یا افواہوں پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، اس لیے ان معلومات کو حتمی خبر کے بجائے ممکنہ منصوبوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Related Posts