جہاں ایٹمی دھماکے کیے تھے وہاں ملا بڑا خزانہ! چاغی کی زمین نے برسوں پرانا راز اگل دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بلوچستان کے معدنی لحاظ سے مالامال ضلع چاغی میں قیمتی دھاتوں کی تلاش کے حوالے سے بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے جہاں کم از کم آٹھ مختلف مقامات پر سونے اور تانبے کے وسیع ذخائر کے واضح شواہد ملے ہیں۔

نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) کے چیئرمین محمد علی ٹبہ نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے دوران انکشاف کیا کہ کمپنی نے ضلع چاغی میں معدنی ذخائر کی تلاش کے لیے جاری سرگرمیوں کے دوران اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اب تک تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ مکمل کی جاچکی ہے جس کے نتائج حوصلہ افزا قرار دیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک مقام پر 295 میٹر کی گہرائی تک مسلسل تانبے اور سونے کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں۔

تحقیقی نتائج کے مطابق مذکورہ 295 میٹر کے حصے میں تانبے کی اوسط مقدار 0.43 فیصد جبکہ سونے کی مقدار 0.13 گرام فی ٹن ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ڈرلنگ کے ایک اور حصے میں 132 میٹر کے دوران تانبے کی مقدار 0.83 فیصد سامنے آئی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ این آر ایل بلوچستان میں معدنی وسائل کی تلاش اور متعلقہ سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے 100 ملین ڈالر (10 کروڑ ڈالر) کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ماہرین کے مطابق چاغی میں معدنی ذخائر کے حوالے سے سامنے آنے والے یہ ابتدائی نتائج بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری اور مستقبل کی معاشی سرگرمیوں کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوسکتے ہیں تاہم ان ذخائر کی حتمی معاشی اہمیت کا تعین مزید تکنیکی اور تفصیلی جائزوں کے بعد ہی ممکن ہوگا۔

Related Posts