تفتیش میں نیا موڑ، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں میر رضا کو پیچھے سے گولی مارنے کا انکشاف

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے ملنے والی نوجوان میر رضا کی لاش کے واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لاش 24 سے 36 گھنٹے پرانی تھی جبکہ جسم پر گولی لگنے کے نشانات پائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق لاش کی کمر پر گولی کا چھوٹا جبکہ سینے پر بڑا نشان موجود تھا، جس سے ابتدائی طور پر اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ گولی پیچھے سے چلائی گئی جو جسم کے اگلے حصے سے باہر نکلی۔

پوسٹ مارٹم کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ لاش پرانی ہونے کے باعث جسم کے مختلف حصوں کی جلد خراب ہو چکی تھی جبکہ چہرہ بھی شدید متاثر تھا۔ میڈیکو لیگل ذرائع کے مطابق چہرے کی حالت کی مزید وضاحت سر کے تفصیلی معائنے سے ممکن ہو سکتی تھی۔

تفتیشی حکام نے جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، جس میں 29 جولائی کی صبح ایک کچرا چننے والے شخص کو جائے وقوعہ پر آتے دیکھا گیا۔ حکام کے مطابق مذکورہ شخص تقریباً 8 منٹ تک وہاں موجود رہا، جس کے بعد شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس نے کوئی اہم چیز اٹھائی ہو۔

پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے مشتبہ شخص کی شناخت کی کوشش کر رہی ہے تاکہ میر رضا علی کے قتل کے محرکات اور ملزمان تک پہنچا جا سکے۔

Related Posts