شہید کی موت سب سے بہتر ہے۔علی زیدی کا کرنل مجیب الرحمٰن کو خراجِ تحسین

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

شہید کی موت سب سے بہتر ہے۔علی زیدی کا کرنل مجیب الرحمٰن کو خراجِ تحسین
شہید کی موت سب سے بہتر ہے۔علی زیدی کا کرنل مجیب الرحمٰن کو خراجِ تحسین

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور سیّد علی حیدر زیدی نے قوم کے لیے جامِ شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمٰن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کی موت سب سے بہتر ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر علی حیدر زیدی نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ دُنیا سے رخصت ہونے کے لیے شہادت سب سے بہتر طریقہ ہے۔

حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا قول شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ انہوں نے فرمایا کہ میں اس کی قسم کھا کر کہتا ہوں جس کے قبضے میں ابوطالب کے بیٹے (حضرت علی ؑ ) کی جان ہے، شہادت سب سے بہتر ہے۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام نے خدا کی قسم کھا کر کہا کہ میں اللہ کی نافرمانی کرکے بستر پر ہلاک ہونے پر  اس  کی راہ میں تلوار کے ہزاروں زخم کھا کر شہید ہونے کو زیادہ ترجیح دوں گا۔

گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں شہید ہونے والے کرنل مجیب الرحمٰن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ آپ کا شکریہ کہ آپ نے قوم کے لیے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ 

پاک فوج کے شہید کرنل مجیب الرحمٰن کو پوری قوم خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت کے وزراء بھی کرنل مجیب الرحمٰن کو نذرانۂ تحسین پیش کر رہے ہیں۔

وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے بھی کرنل مجیب الرحمٰن کی شہادت پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر تعلیم نے کہا کہ کرنل مجیب الرحمٰن کی شہادت پر گہرا دُکھ ہوا ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ کرنل مجیب الرحمٰن نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک میں شہادت پائی۔ ہم رات کو سکون سے انہی بہادر روحوں کی قربانیوں کی بدولت سوتے ہیں۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل پاک فوج نے  دہشت گردی کی ایک بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا۔ سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ڈی آئی خان میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمٰن نے جامِ شہادت نوش کیا۔

سیکورٹی فورسز نے گزشتہ روز  ڈی آئی خان کے قریب ٹانک کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کیا جسے انٹیلی جنس سے حاصل ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیا گیا۔

مزید پڑھیں: آپریشن کے دوران پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمٰن شہید ہو گئے

Related Posts