لاہور: ڈکیتی کا ڈرامہ جھوٹا نکلا، جوا ایپ پر رقم ہارنے والا دکاندار گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

ملزم گرفتار
(فوٹو: بھارتی میڈیا)

لاہور میں ڈکیتی کا ڈرامہ جھوٹا نکلا، پولیس نے جوا ایپ پر رقم ہار جانے والے دکاندار کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم نے جوے میں بھاری نقصان کے بعد ڈکیتی کی جھوٹی کال کی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کو غلط معلومات فراہم کرنے والے دکاندار کو ایس ایچ او شالیمار علی حسن نے گرفتار کیا۔ ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالعلیم نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیتے ہوئے بہانہ کیا کہ 2 مسلح ملزمان نے اس کی دکان لوٹ لی ہے۔

ایس پی سول لائنز کے مطابق 2 مسلح لڑکوں کی جانب سے لوٹ مار کی اطلاع ملنے پر شالیمار پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش کا آغاز کردیا۔ تفتیش کے دوران دکاندار کے بیانات میں تضاد محسوس کرنے پر پولیس نے مختلف سوالات کیے جس پر ملزم گھبرا گیا۔

دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ اصل میں وہ آن لائن جوے کی ایپ میں رقم ہار گیا تھا اور جوے میں کیے گئے مالی نقصان کو چھپانے کیلئے ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ کیا جس پر پولیس نے جھوٹی کال کا مقدمہ درج کرلیا جس میں پولیس کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

دی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 شہریوں کی سہولت کیلئے ہے، جس پر جھوٹی کال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ایسے ملزمان سے نرمی کا سلوک نہیں کیاجائے گا۔

Related Posts