محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور ایک وفاقی حساس ادارے نے کراچی میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں سے وابستہ چار انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
گرفتار ملزمان میں تین کا تعلق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) جبکہ ایک کا تعلق سندھ ریولشنری آرمی (ایس آر اے) سے ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ تمام ملزمان شہرِ قائد میں اہم تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خون میں نہلانے کی گھناؤنی سازش کر رہے تھے۔
پہلی کارروائی: بی ایل اے کے تین تربیت یافتہ دہشت گرد گرفتار
سی ٹی ڈی کراچی اور وفاقی حساس ادارے کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کالعدم بی ایل اے کے تین خطرناک اور تربیت یافتہ کارندے اپنے تنظیمی کمانڈر کے احکامات پر کراچی میں موجود ہیں۔ اس اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے مشترکہ ٹیم نے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بلاک 4 کے قریب واقع ایک پبلک پارک پر چھاپہ مارا۔
یہ کارروائی عین اس وقت کی گئی جب یہ دہشت گرد کسی بڑی واردات کو انجام دینے کے لیے آپس میں اکٹھے ہو رہے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام ملزمان کو گھیرے میں لے کر دبوچ لیا۔
بلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کا ریکارڈ
ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ ملزمان اپنے غیر ملکی یا روپوش تنظیمی کمانڈروں کے مسلسل رابطے میں تھے۔ یہ عناصر ہینڈ گرنیڈز کے ذریعے کراچی کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی تیاری میں تھے۔ اس کے علاوہ یہ دہشت گرد پہلے بھی بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور کسٹمز کی موبائل گاڑیوں پر ہونے والے متعدد حملوں میں ملوث رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والی ٹیم نے ان کے قبضے سے تین دستی بم اور ایک 30 بور پستول معہ میگزین برآمد کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں غلام یاسین (ولد رئیس وزیر)، آفتاب احمد (ولد غلام مصطفیٰ) اور شعیب (ولد عبدالحئی) شامل ہیں۔
دوسری کارروائی: بھارتی پراکسی سے جڑا ایس آر اے کا دہشت گرد گرفتار
مشترکہ ٹیم نے کراچی میں ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے کورنگی کاز وے ندی کے قریب چھاپہ مارا۔ یہاں سے بھارتی پراکسی کے تحت کام کرنے والی کالعدم تنظیم سندھ ریولشنری آرمی (ایس آر اے) کے کارندے آصف علی عرف آصف سندھی (ولد عاشق علی چاچڑ) کو گرفتار کر لیا گیا جس کے قبضے سے بھی ایک دستی بم برآمد ہوا ہے۔
اہم شخصیات اور مقامات کی ریکی کا انکشاف
ابتدائی تفتیش کے دوران دہشت گرد آصف سندھی نے انتہائی خوفناک انکشافات کیے ہیں۔ اس نے اعتراف کیا ہے کہ وہ کراچی میں ایک اہم غیر ملکی شہری، ایک پولیس ڈی ایس پی، ایک ریلوے ٹریک اور ایک اہم سیاسی شخصیت کے گھر کی مکمل ریکی کر چکا تھا اور اپنے کمانڈر کے حکم پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر پر حملے کی آخری تیاریوں میں مصروف تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار تمام دہشت گردوں سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں اور اس نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








