رشتوں کے تقدس کو پامال کرنے کا ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں سرگودھا کے نواحی علاقے موضع واڈھی میں گھریلو رنجش پر بد بخت بیٹے نے اپنے باپ کی جان لے لی۔ معمولی بات پر شروع ہونے والا گھریلو جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ سفاک بیٹے نے اپنے ہی والد کو گولیاں مار کر ابدی نیند سلا دیا۔
اطلاعات کے مطابق ملزم مظہر اور اس کے والد محمد حیات کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔ بات اتنی بڑھی کہ غصے میں اندھے ہو کر ملزم نے پستول نکالا اور والد کے سینے پر پے در پے چار فائر کر دئیے جس کے نتیجے میں محمد حیات موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس لرزہ خیز واردات کے بعد قاتل موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ اس اندوہناک واقعے نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا رخ کیا مقتول کی لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا اور ضابطے کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
پولیس نے مقتول کے لواحقین کی مدیت میں مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم مظہر کی تلاش اور گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔ پولیس حکام کا عزم ہے کہ ملزم کو جلد قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








