پنجاب کے شہر وہاڑی کے تھانہ ٹھینگی کے علاقے چک نمبر 62 ڈبلیوبی میں قبروں کی بے حرمتی کا ایک لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک نشئی شخص نے مبینہ طور پر میاں بیوی کی قبریں کھود کر ان کے انسانی اعضاء نکال لیے تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت وحید احمد ولد ادریس گجر کے طور پر ہوئی ہے جو کہ آئس کے نشے کا عادی بتایا جاتا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم کے قبضے سے نکالے گئے انسانی اعضاء برآمد کر لیے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے اس مکروہ فعل کے محرکات جاننے کے لیے سخت تفتیش کی جا رہی ہے کہ آیا اس نے یہ قدم ذاتی نشے کی حالت میں اٹھایا یا اس کے پیچھے کوئی اور توہم پرستانہ یا مجرمانہ مقصد کارفرما تھا۔
اس واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد مقامی شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اہل علاقہ نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس تاریک واقعے کی تہہ تک پہنچ کر شفاف تحقیقات کی جائیں اور ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








