پی پی ایم این اے اعجاز جھکرانی کا بھائی منشیات فروش نکلا! پولیس کا بنگلے پر چھاپہ، منشیات برآمد

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں خیابانِ راحت میں پولیس کارروائی کے بعد منشیات کی برآمدگی اور سرکاری اہلکاروں سے مبینہ مزاحمت کے دو مقدمات درج کرلیے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران نعیم حسین نامی شخص کو گرفتار کیا گیا جبکہ دوسرے مقدمے میں سات افراد کی گرفتاری ظاہر کی گئی ہے۔ واقعے کے بعد سیاسی اور قبائلی حلقوں میں بھی ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 14 اکتوبر 2026 کی شب ڈیفنس ساؤتھ تھانے کے سب انسپکٹر محمد سعید اور دیگر اہلکار سی ویو پارکنگ کے قریب گشت کررہے تھے کہ ایک موٹر سائیکل سوار کو روک کر تلاشی لی گئی۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کے قبضے سے آئس کے آٹھ پیکٹ برآمد ہوئے۔ پولیس نے ملزم نعیم حسین ولد علی حسین کو گرفتار کرکے منشیات قبضے میں لینے کا ذکر کیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق گرفتار ملزم نے مبینہ طور پر منشیات بنگلہ نمبر 31 خیابانِ راحت سے لانے کا بتایا جس پر پولیس ٹیم مزید کارروائی کے لیے وہاں پہنچی۔ پولیس کے مطابق کارروائی مکمل کرکے واپسی کے دوران بعض افراد نے اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی اور مبینہ طور پر برآمد شدہ منشیات چھیننے کی کوشش کی۔

پولیس نے سات افراد، محمد بلال، عالم خان، ذاکر، امیر حسن، شاہد، اشرف اور خان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ خالد جکھرانی نامی شخص سمیت چند دیگر افراد کے فرار ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔ مقدمہ سرکاری کام میں مداخلت، مزاحمت، دھمکیوں اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

Related Posts