کمسن بہنوں سے مبینہ نازیبا حرکتیں! لاہور میں تشدد اور جنسی جرائم کے 2 ملزمان گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

گرفتار
(فوٹو: آن لائن)

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں خواتین اور کم عمر بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم کے خلاف پولیس کا شکنجہ سخت ہوگیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کی خصوصی ہدایات پر کارروائی کرتے ہوئے شاد باغ اور مصری شاہ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران ایک خاتون پر بہیمانہ تشدد اور معصوم بچیوں سے جنسی جرائم میں ملوث دو سفاک ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

شاد باغ پولیس کے مطابق ملزم ساحل نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ایک گلی میں موجود خاتون کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ حملہ اتنا شدید تھا کہ خاتون کے چہرے پر گہرے زخم آئے اور خون بہنے لگا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مرکزی ملزم کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب مصری شاہ کے علاقے میں پیش آنے والے ایک اور شرمناک واقعے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈیڑھ سال اور پانچ سال کی دو کم عمر سگی بہنوں کے ساتھ گھناؤنی حرکات کرنے والے اوباش ملزم احمد محمود کو گرفتار کر لیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم نے گلی میں موجود ان معصوم بچیوں کو ہوس کا نشانہ بنانے کی کوشش کی اور ان کے ساتھ نازیبا حرکات کیں۔

ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں ملزمان کے خلاف سخت دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس ٹیموں کی بروقت کارروائی پر ایس پی سٹی نے ایس ایچ او شاد باغ اور ایس ایچ او مصری شاہ کو شاباش دی ہے۔

ایس پی سٹی کا مزید کہنا تھا کہ خواتین، بچیوں اور بچوں پر تشدد یا ان کا جنسی استحصال کرنے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ معاشرے میں اس قسم کے گھناؤنے جرائم میں ملوث درندوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

Related Posts