وحشیانہ فعل کا انجام: 12 سالہ بیٹی کو جنسی درندگی کا نشانہ بنانے والا باپ انجام کو پہنچا

تازہ ترین

تازہ ترین

مفت قانونی امداد
(فوٹو: وینکوور میل)

گجرات کی ایڈیشنل سیشن کورٹ نے اپنی کم عمر سگی بیٹی کی حرمت پامال کرنے والے سنگدل باپ کے خلاف تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے اسے عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج شہباز اقبال تارڑ نے سنگین جرم میں ملوث ملزم ثاقب عامر بٹ کو عمر قید باقاعدہ قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم صادر کیا ہے۔ عدالت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہوگی۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق اس لرزہ خیز واقعے کا مقدمہ سال 2024 میں تھانہ لاری اڈہ میں ملزم کی اہلیہ سدرہ ارشد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران یہ ہولناک انکشاف سامنے آیا تھا کہ سفاک باپ سفاکانہ طریقے سے پچھلے چھ ماہ سے مسلسل اپنی معصوم بیٹی کو ہوس کا نشانہ بناتا چلا آ رہا تھا۔

یاد رہے کہ قانون کے شکنجے میں آنے کے بعد ملزم گزشتہ 24 ماہ سے گجرات جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر قید کاٹ رہا تھا جہاں اب عدالت نے ٹرائل مکمل ہونے پر اسے اس کے مکروہ فعل کی کڑی سزا سنا دی ہے۔

Related Posts