پی ایس ایل 6، اسلام آباد یونائٹیڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10وکٹوں سے ہرا دیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پی ایس ایل 6، اسلام آباد یونائٹیڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10وکٹوں سے ہرا دیا
پی ایس ایل 6، اسلام آباد یونائٹیڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10وکٹوں سے ہرا دیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 10وکٹوں سے ہرا دیا ہے جس میں مقابلہ یکطرفہ رہا اور کولن منرو اور عثمان خواجہ نے بہترین بیٹنگ کی۔ 

تفصیلات کے مطابق ابوظہبی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیتا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے مشکلات شروع ہوگئیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ کے آغاز پر اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 23 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد فاف ڈیو پلیسی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد عثمان خان اور جیل ویدرلڈ اسکور کو 39 تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔ 

بعد ازاں عثمان خان 19 گیندوں پر 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان سرفراز احمد 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس مقام پر گلیڈی ایٹرز 49رنز پر تین وکٹیں گنوا چکے تھے جس کے بعد ویدر لینڈ اور اعظم خان نے اننگز کو سہارا دینا شروع کیا۔ 

 اعظم خان اور ویدر لینڈ نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 39 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 88 تک پہنچایا۔ویدرلینڈ کو عاکف جاوید نے 35 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنانے کے بعد آؤٹ کیا۔ 

اس موقعے پر آندرے رسل نے 2 چھکے لگا کر میچ کا پانسہ پلٹنے کی کوشش کی لیکن برے شاٹ کی وجہ سے وکٹ گنوا بیٹھے۔محمد نواز بھی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ گلیڈی ایٹرز نے اعظم خان سے توقعات وابستہ کر لیں۔ 

حسن علی نےاعظم خان کو 26 رنز پر آؤٹ کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ مڈل آرڈر بیٹسمین آؤٹ ہوچکے تھے جس کے بعد اختتامی اوورز کا فائدہ نہ اٹھایا جاسکا۔ پوری ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 133 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

اسلام آباد یونائیٹیڈ کے محمد سیم، حسن علی اور موسیٰ نے 2، 2 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جس کے بعد بیٹنگ لائن اپ کیلئے 134 رنز آسان ہدف ثابت ہوا۔ کولن منرو اور عثمان خواجہ پہلے ہی اوورز سے جارحانہ کھیل پیش کرنے لگے۔ 

ابتدائی 6 اوورز میں 97 رنز بنا لینے کے بعد اسلام آباد یونائٹیڈ کیلئے 133 رنز کا ہدف مزید آسان ہوچکا تھا۔ منرو نے 36 گیندوں پر 5 چھکے اور 12 چوکے لگا کر 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ عثمان خواجہ 27 گیندوں پر 41 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

یونائیٹڈ نے صرف 10 اوورز میں 134 رنز کا ہدف کسی نقصان کے بغیر پورا کر لیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک بھی وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ کولن منرو کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ یونائیٹیڈ کی ٹیم میں فہیم اشرف شامل نہیں تھے۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو پی ایس ایل 6میں ایک بڑا دھچکا اُس وقت لگا جب فہیم اشرف کا ہاتھ زخمی ہوگیا، فہیم کے ہاتھ پر 5ٹانکے لگنے کے بعدکم ازکم 3میچز کے لئے باہر کردیا گیا۔

 لاہور قلندرز سے میچ کے ابتدائی2اوورز میں فہیم اشرف نے فخرزمان کی قیمتی وکٹ حاصل کی،مگر پھر حسن علی کی بولنگ کے دوران شارٹ فائن لیگ پوزیشن پر فیلڈنگ کرتے ہوئے بائیں ہاتھ پر شہادت کی انگلی اور انگوٹھے کے درمیان کی جگہ پھٹ گئی، جس پر انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف زخمی ہوگئے، 3میچز کے لئے باہر

Related Posts