بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے شان رسالت میں گستاخی، مسلمانوں میں شدید غم وغصہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کے ٹولے کی جانب سے شان رسالت میں گستاخی کا نفرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر بھارتی مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

ملت ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ مدھے پورہ ضلع کے کمارکھنڈ پرکھنڈ کے لکشمی بھگوتی پنچایت کا ہے جہاں بجرنگ دل کے کچھ شرپسند حضور ﷺ کی شان اقدس گستاخی کررہے ہیں اور مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز نعرے لگارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

عرب لیگ کا اسرائیل کو مقبوضہ فلسطین میں جرائم پر جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شرپسندوں کا ہجوم قطار لگا کر نعرے بازی کرتے ہوئے شان رسالت میں گستاخی کررہا ہے اور اس کی باقاعدہ ویڈیو گرافی ہورہی ہے۔ ٹوئٹر پر اس ویڈیو کو پوسٹ کرنے کے بعد آر جے ڈی کے فعال لیڈر ایم ایل سی قاری صہیب جامعی نے بہار پولس کو ٹیگ کرکے بروقت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے لکھا کہ آپسی بھائی چارہ بنائے رکھنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے، بہار پولس کے سینئر عہدیداروں سے ان سماجی شرپسندوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی گزارش کرتا ہوں۔

اس ٹوئٹ کے جواب میں بہار پولس نے مدھے پورہ پولس کا ٹوئٹ پوسٹ کیا جس کے مطابق ’’مدھے پورہ کے شری نگر تھانہ علاقہ کے وائرل ویڈیو کے متعلق مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جارہی ہے، اس معاملے میں اب تک چار افراد کو گرفتار کیاگیا ہے، مزید کارروائی بھی جلد ہوگی، آپسی بھائی چارہ بنائے رکھیں، ان کے خلاف انصاف کے تقاضوں کے مطابق کارروائی ہوگی‘‘۔

واضح رہے ٹوئٹر پر ویڈیو پوسٹ ہونے کے بعد بھارتی صارفین نے بہار کی سیکولر سرکار پر اس طرح کی دریدہ دہنی کے خلاف آواز اُٹھائی ہے۔ سماجی کارکن علیشہ خان نے لکھا کہ ان غنڈوں کے خلاف جب تک کارروائی نہیں ہوگی، یہ جاہلوں والوں حرکت کرتے رہیں گے۔

سید بشار علیگ نے تیجسوی یادو کو ٹیگ کرکے لکھا کہ دیکھ رہے ہیں یہ تو حال ہے سیکولر سرکار کا۔ آصف عالم نے لکھا کہ ایسے نفرتی ٹولے کے خلاف سخت سےسخت کارروائی کی جائے، جو سماج میں نفرت پھیلاتےہیں۔

محمد آصف شیخ نے لکھا کہ غلطی ان کی نہیں، یہ تو سیاست داں کے پروپیگنڈے کا شکار ہیں، بلکہ غلطی مسلم لیڈروں، وزرا اور این جی اوز کی ہے جو کچھ ایکشن نہیں لیتیں ایسی سرگرمیوں کے خلاف۔

جویریہ شیخ نے لکھا کہ یوپی تک تو ٹھیک تھا، ارے یہ غنڈے تو بہار بھی پہنچ گئے، نتیش جی یہ سب کیا ہورہا ہے، کہیں ایسا تو نہیں نہ آپ بھی بابا بلڈوزر ماڈل کو فالو کررہے ہیں، بہار میں یہ سب نہیں چلے گا، وقت پر لگام لگائیں ان غنڈوں کو۔

Related Posts