اسلام آباد: پاکستان سے عبرتناک شکست کے بعد بھارتی شدت پسند احساسِ کمتری کا شکار ہوگئے، انتہا پسندوں نے کرکٹر محمد شامی کو بے بنیاد تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بھارتی ٹیم سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہر بار پاکستان سے شکست کے بعد کسی نہ کسی بھارتی کھلاڑیوں کو پاکستان نواز اور غدارِ وطن کہنے کی روش ختم نہ ہوسکی، بھارتی انتہا پسندوں نے کرکٹر محمد شامی کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہم شروع کردی ہے۔
پاکستانی ویمن کرکٹرز کا بھارت کو عبرت ناک شکست دینے پر جشن
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:پاکستان نے پہلے میچ میں بھارت کو 10وکٹوں سے شکست دیدی
محمد شامی کا مسلمان ہونا جرم بن گیا۔ ہندو انتہا پسندوں نے سوشل میڈیا مہم کے دوران کرکٹر محمد شامی کے خلاف انتہائی گھٹیا زبان استعمال کرتے ہوئے انہیں غدارِ وطن قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں بھارتی کرکٹ ٹیم سے خارج کیا جائے۔
خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم میں دائیں ہاتھ سے فاسٹ باؤلنگ کرنے والے محمد شامی نے اپنی محنت اور لگن سے جگہ بنائی۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے 54 ٹیسٹ، 79 ون ڈے انٹرنیشنل اور 13 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔
فاسٹ باؤلر محمد شامی نے بھارت کیلئے ٹیسٹ میچز میں 195، ون ڈے میں 148 جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں 12 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے باوجود بھارتی انتہا پسندوں کا کہنا ہے کہ محمد شامی کو بھارتی کرکٹ ٹیم میں نہیں ہونا چاہئے۔