اٹک کے علاقے حضرو کی آبادی منورہ آباد میں گھریلو تنازع ایک المناک سانحے میں تبدیل ہوگیا، جہاں شوہر کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں اس کی بیوی جاں بحق ہوگئی، جبکہ ساس اور بہن زخمی ہوگئیں۔ بعد ازاں ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔
روزنامہ جنگ کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ زخمی ہونے والی دو خواتین کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال حضرو منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
حکام کے مطابق خودکشی کرنے والے ملزم کی شناخت احسان کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات سامنے آسکیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ نعشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی تفصیلی رپورٹ جاری کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








