ضدی بچے نے جہاز کی پرواز ہی منسوخ کروا ڈالی

تازہ ترین

تازہ ترین

کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے شہر وکٹوریہ سے ٹورنٹو جانے والی پورٹر ایئرلائنز کی ایک پرواز اس وقت منسوخ کرنا پڑی جب ایک کمسن بچہ اپنی نشست پر بیٹھنے اور سیٹ بیلٹ باندھنے سے مسلسل انکار کرتا رہا، جس کے باعث طیارہ حفاظتی ضوابط کے مطابق اڑان نہ بھر سکا۔

رپورٹ کے مطابق پورٹر ایئرلائنز کی پرواز PD444 ٹرمینل سے روانہ ہوکر رن وے کی جانب بڑھ رہی تھی اور پرواز بھرنے کی تیاری میں تھی کہ عملے نے دیکھا کہ ایک بچہ اپنی نشست پر بیٹھنے کے بجائے کھڑا ہے۔ فلائٹ اٹینڈنٹس اور بچے کے والدین نے کافی دیر تک اسے سمجھانے اور سیٹ بیلٹ باندھنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ مسلسل مزاحمت کرتا رہا۔

فضائی سفر کے بین الاقوامی حفاظتی قوانین کے تحت جہاز میں موجود ہر مسافر کا ٹیک آف سے قبل اپنی نشست پر بیٹھنا اور سیٹ بیلٹ باندھنا لازمی ہوتا ہے۔ بچے کے مسلسل انکار کے باعث عملے نے حفاظتی اصولوں کے مطابق پرواز جاری رکھنے کے بجائے طیارے کو واپس ٹرمینل لے جانے کا فیصلہ کیا۔

ایئرلائن کے مطابق طیارہ واپس گیٹ پر لایا گیا، جہاں متعلقہ خاندان کو جہاز سے اتارا گیا۔ ان کا سامان نکالنے، سفری دستاویزات مکمل کرنے اور حفاظتی کارروائی میں کافی وقت صرف ہوا، جس کے باعث طیارہ مقررہ وقت میں دوبارہ روانہ نہ ہوسکا۔

رپورٹ کے مطابق وکٹوریہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے ہر رات 12:30 بجے بند کردیا جاتا ہے۔ تمام کارروائی رات ساڑھے بارہ بجے کے بعد تک جاری رہی، جس کے نتیجے میں پرواز کو مکمل طور پر منسوخ کرنا پڑا۔

پرواز کی منسوخی کے باعث دیگر تمام مسافروں کو رات وکٹوریہ میں ہی گزارنا پڑی۔ بعد ازاں پورٹر ایئرلائنز نے پیش آنے والی دشواری پر معذرت کرتے ہوئے متاثرہ مسافروں کو اگلے روز متبادل پروازوں میں منتقل کرنے کا اعلان کیا۔

Related Posts