کراچی میں نئی الیکٹرک بس سروس کی ٹیسٹ ڈرائیو، شہریوں کے چہرے کھل اُٹھے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: شہر قائد میں پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس کی ٹیسٹ ڈرائیو کی جاچکی ہے، بس میں نوے مسافر سفر کر سکتے ہیں اور یہ بس ایک ہی چارج میں شہر کے اندر 300 کلومیٹر تک سفرکرنے کے قابل ہے۔آلودہ شہر میں ماحول دوست بسوں کا آنا شہریوں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔

ان بسوں میں کتنا کرایہ وصول کیا جائے گا اور کیا کیا سہولیات میسر ہیں؟ ایم ایم نیوز نے اس حوالے سے جائزہ لینے کے لئے الیکٹرک بس سروس کی ٹیسٹ ڈرائیومیں شرکت کی، جو قارئین کی نظر کررہے ہیں۔

اس وقت کراچی میں پچاس الیکٹرک بسیں پہنچ چکی ہیں، یہ جدید بسیں شہر کے طویل سفر کیلئے ایک ہی چارج سے تین سو کلومیٹرز تک سفر کی صلاحیت رکھتی ہیں، ان بسوں کی بیٹریز کو شمسی توانائی کے پلانٹ سے چارج کیا جاسکے گا، یہی نہیں ان بسوں میں بیک اپ بیٹریز بھی دستیاب ہوں گی۔

عام بسوں کے مقابلوں میں یہ بسیں زیادہ قیمتی ہیں لیکن ایندھن کے حوالے سے سستی ہیں، جس کی وجہ سے ان بسوں کا کرایہ پچیس روپے تک رکھا کیا گیا ہے، غریب اور مزدور پیشہ افراد بھی اس بس میں بغیر کسی مشکل کے سفر کر پائیں گے۔

بس میں سفر کرنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے یہ بہت زبردست اقدام اٹھایا گیا ہے، شہریوں نے کہا کہ پہلے کراچی کے حالات بہت خراب تھے بسوں کو جلا دیا جاتا تھا، مگر الحمد اللہ اب حالات بہتر ہیں، یہ بسیں عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔

حکومت سندھ کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ الیکٹرک بسوں کو درآمد کرنے کے بجائے، یہاں پلانٹ لگایا جائے گا تاکہ بسیں یہاں تیار کی جاسکیں۔

صوبائی وزیرٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے ایم ایم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی پہلی الیکٹریکل بسیں ہیں، جو مکمل طور پر ماحول دوست ہیں۔بسوں میں معذوروں کے لئے جگہ مختص کی گئی ہے۔

نئی بسوں کی ٹیسٹ ڈرائیوسروس کا آغاز آج سے کیا جارہا ہے جس کے بعد ان بسوں کے روٹس کوحتمی شکل دی جائے گی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 50 الیکٹرک بسیں کراچی پہنچ چکی ہیں، یہ بسیں کئی ماہ سے کراچی پورٹس پر کلیئرنس کے انتظارمیں کھڑی تھیں، کلیئرنس کے بعد انہیں ڈپو تک پہنچادیا گیا ہے۔

Related Posts