اے ٹی ایم سے 53 لاکھ 70 ہزار روپے چوری کا معما حل، بینک کا آپریشنز منیجر ہی ماسٹر مائنڈ نکلا

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے ایک نجی بینک کے اے ٹی ایم سے 53 لاکھ 70 ہزار روپے چوری کی سنسنی خیز واردات کا پولیس نے صرف 24 گھنٹوں میں سراغ لگا لیا۔ تحقیقات کے دوران حیران کن انکشاف ہوا کہ واردات کا مبینہ ماسٹر مائنڈ خود بینک کا آپریشنز منیجر نکلا، جسے اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

ملزم ارسلان نے شناخت چھپانے کے لیے برقع اور ماسک پہن کر اے ٹی ایم بوتھ میں داخل ہوکر واردات کی۔ اس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ سے بچنے کے لیے کیمرے کے لینز پر ببل گم بھی چپکا دی تاکہ اس کی شناخت ممکن نہ ہو سکے۔

تاہم ملزمان کی یہ چال زیادہ دیر کامیاب نہ رہ سکی۔ آرام باغ پولیس نے جدید تفتیشی طریقوں، ہیومن انٹیلی جنس اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے صرف 24 گھنٹوں کے اندر ملزمان کا سراغ لگا لیا۔

پولیس کے مطابق مرکزی ملزم ارسلان کی گرفتاری کے بعد اس کے ساتھی ریحان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ دورانِ تفتیش ملزمان کی نشاندہی پر 29 لاکھ 74 ہزار روپے بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واردات کے تمام پہلوؤں اور ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔ برآمد نہ ہونے والی رقم کی بازیابی کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔

Related Posts