سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا نے پاکستان کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Asad and Imran score centuries in Balochistan's win

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور:سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا نے پاکستان کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ،ایونٹ کے آٹھویں راؤنڈ کے اختتام پر تینوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد 12، 12ہے۔ سینٹرل پنجاب 6، سدرن پنجاب 4 اور ناردرن 2 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجودہے۔

ہاؤس آف ناردرن اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے ناردرن کو 8 رنز سے شکست دے دی۔ 222 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز ہی بناسکی۔ آؤٹ فیلڈگیلی ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کے مابین میچ 25،25 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔

عمر امین 66 اور عماد وسیم 53 رنز بناکر نمایاں رہے۔ صائم ایوب، محمد عمر اور شاہنواز دھانی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سندھ نے صائم ایوب کے 57 اور دانش عزیز کے ناٹ آؤٹ 46 رنز کی بدولت مقررہ 25 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے تھے۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے عمران بٹ اور اسد شفیق کی سنچریوں کی بدولت سینٹرل پنجاب کو 76 رنز سے ہرادیا۔ بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر ہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 371 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں:پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے اور ٹی 20 سیریزلاہور منتقل

اوپنر عمران بٹ نے 2 چھکوں اور 18 چوکوں کی مدد سے 129 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسد شفیق نے 16 چوکوں کی بدولت ناقابل شکست 104 رنز اسکور کیے۔محمد سعد 50 اور عبدالواحد بنگلزئی 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔حسین طلعت نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں بلوچستان کی پوری ٹیم 47اعشاریہ 1 اوورز میں 295 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اوپنر احمد شہزاد 66 اور سعد نسیم 59 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اسد شفیق اور عماد بٹ نے تین تین جبکہ یاسر شاہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ 286 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 44.1 اوورز میں 250 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سلمان علی آغا 56 جبکہ خوشدل شاہ اور اعظم خان نے 40، 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ خالد عثمان نے تین جبکہ ثمین گل اور عمران سینئر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

خیبرپختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنائے تھے۔ اوپنر فخر زمان 5 رنز کی دوری سے سنچری اسکورنہ کرپائے۔ انہوں نے95 رنز کی انفرادی اننگز میں 100 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکے اور 7 چوکے جڑے ۔ فاتح ٹیم کے دوسرے نمایاں بیٹر محمد سرور آفریدی تھے۔ 72 رنز پر مشتمل ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔ فاسٹ باؤلر ضیاء الحق نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

Related Posts