چیف آف آرمی اسٹاف جنرل حافظ سیّد عاصم منیر نے کہا ہے کہ معصوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حالات بہت کچھ کرنے کی طرف توجہ دلاتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پیس کیپنگ ٹریننگ سینٹر (آئی اے پی ٹی سی) کی 28 ویں سالانہ کانفرنس پاکستان میں پہلی بار سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلیٹی نسٹ اسلام آباد میں 4 سے 8 نومبر تک منعقد کی جا رہی ہے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے سی آئی پی ایس کی نئی عمارت کے افتتاح کے ساتھ ہوا۔ افتتاحی تقریب میں انڈر سیکریٹری جنرل ڈیپارٹمنٹ آف پیس آپریشنز جین پیئر لاکروکس، اقوام متحدہ کے پولیس مشیر، قائم مقام ڈپٹی ملٹری ایڈوائزر، سیکریٹری خارجہ پاکستان اور ریکٹر نسٹ بھی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔
آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج عالمی امن کو ابھرتے ہوئے خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ اور دیگر تنظیموں کی جانب سے امن قائم کرنے کی متعدد کوششوں کے باوجود معصوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حالت زار ایک واضح یاد دہانی کا کام کرتی ہے کہ ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے بے گناہ عوام کے مسائل امن کے لیے مسلسل کوششوں کا تقاضا کرتے ہیں۔ آرمی چیف نے عصر حاضر میں عالمی امن کو درپیش چیلنجز اور خطرات پر روشنی بھی ڈالی۔