رکشہ، چنگچی رکشہ اور 800 سی سی گاڑی والوں کو فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے عوام پر بڑھتے مالی دباؤ کا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی ریلیف اسکیم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیدا ہونے والے اضافی مالی بوجھ سے پوری طرح آگاہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں حکومت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور موجودہ صورتحال میں حتیٰ الامکان ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی خصوصی اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی رکشہ اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے صارفین کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور دیگر دو یا تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ زیادہ سے زیادہ 20 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی۔ اس طرح ان صارفین کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 2 ہزار روپے تک ریلیف حاصل ہوگا۔

اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت مقرر کی گئی ہے جس کے تحت انہیں ایک ماہ میں زیادہ سے زیادہ 3 ہزار روپے کا ریلیف مل سکے گا۔

وزیراعظم کے مطابق اسکیم کا نفاذ مرحلہ وار کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں یہ سہولت آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے شروع ہوجائے گی، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ہوگا۔

حکومت نے ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی آج سے شروع کردیا ہے۔ عوام کو رجسٹریشن کے طریقہ کار اور دیگر ضروری معلومات سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق مطلوبہ معلومات کی فراہمی اور رجسٹریشن کے عمل میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

Related Posts