لاہور کے غازی آباد تھانے میں اے ایس آئی عمران پر ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور پولیس نے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ متاثرہ لڑکی کو کچھ عرصہ قبل گداگری کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم اے ایس آئی عمران نے مبینہ طور پر سفارش کرکے اسے تھانے سے رہائی دلوائی۔ موجودہ کیس میں ڈی ایس پی انویسٹی گیشن اور جینڈر سیل کی ٹیم نے اے ایس آئی عمران اور متاثرہ خاتون سے تقریباً دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق متاثرہ خاتون کا غازی آباد تھانے میں موجود ہونا ثابت ہو گیا ہے۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون تقریباً 30 سے 35 منٹ تک تھانے میں موجود رہی، تاہم کئی گھنٹوں تک اس کے تھانے میں قیام کے شواہد نہیں ملے۔
تفتیش کے دوران اے ایس آئی عمران نے خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام کی تردید کی، تاہم اسے تھانے لانے کی وجہ کے بارے میں اس نے تفتیشی حکام کو مختلف جوابات دیے۔ پولیس نے اے ایس آئی عمران کے مختلف ٹیسٹ بھی کروائے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد مبینہ زیادتی کے حوالے سے دستیاب شواہد اور دیگر اہم حقائق مزید واضح ہوں گے، جس کے بعد کیس کی تحقیقات کو حتمی سمت دی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








