قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ حالیہ انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں اور 8 نومبر کو ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے لیے دوبارہ اسکواڈ میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں۔
نسیم شاہ ٹانگ میں درد کی وجہ سے پہلے ون ڈے میں میدان سے باہر ہو گئے تھے۔ آنے والے کھیل میں ان کی شرکت پر تشویش بڑھ رہی تھی کیونکہ مبینہ طور پر وہ کھیل کے بعد بھی درد سے نمٹ رہے تھے تاہم ذرائع کے مطابق نسیم شاہ نے ٹیم کے تازہ ترین پریکٹس سیشن میں شرکت کی۔
ان کی صحت یابی مکمل ہونے کے بعد پاکستان پہلے میچ کی طرح اسی پلیئنگ الیون کے ساتھ جانے کے لیے پر امید ہے۔ اسکواڈ میں کسی تبدیلی کی اطلاع نہیں ہے، سلیکٹرز اپنے آپشنز پر غور کر رہے ہیں، فائنل الیون کا اعلان کل کے پریکٹس سیشن کے بعد کیا جائے گا۔
اسد شفیق کی سربراہی میں پاکستان کی سلیکشن کمیٹی جس میں عاقب جاوید، اظہر علی، علیم ڈار اور حسن چیمہ شامل ہیں، کسی بھی تبدیلی کو حتمی شکل دینے سے پہلے ایڈیلیڈ کی پچ کی صورتحال کا جائزہ لے گی۔اس کے بعد اسکواڈ کا فیصلہ کیا جائیگا۔