بڑھتی ہوئی کرپشن

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق ملک میں کرپشن میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے بدعنوانی سے نمٹنے کے حکومتی دعوے اور طویل عرصے سے بدعنوانی کے مقدمات میں جوابدہی فراہم کرنے میں ناکامی کی بھی تصدیق ہوتی ہے۔

تازہ ترین رپورٹ تشویشناک ہے۔ پاکستان 180 ممالک میں 140 ویں نمبر پر آگیا ہے، پاکستان پچھلے سال کے دوران 16درجے تنزلی کا شکار ہوا ہے،درحقیقت عالمی کرپشن انڈیکس میں پاکستان کا اسکور تین پوائنٹس گر کر 28 پر آگیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔ امن و امان کی صورتحال اور انسانی حقوق کی عدم دستیابی کے نتیجے میں طاقتوروں کا احتساب کرنے میں ناکامی کے نتیجے میں پاکستان کا اسکور کم ہوا ہے۔ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں انسداد بدعنوانی کے ادارے کمزور ہیں۔

صرف پاکستان ہی نہیں جو اس سے متاثر ہوا ہے، اس سال کی رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں بدعنوانی کی سطح برقرار ہے، 86 فیصد ممالک اس حوالے سے کامیاب نہیں ہوپائے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ ممالک کو زوال کا سامنا ہے کیونکہ حکومتیں بدعنوانی سے نمٹنے، حقوق کو برقرار رکھنے اور شہریوں سے مشورہ کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جن ممالک کی شہری آزادیوں کو اچھی طرح سے محفوظ کیا گیا ہے وہ عام طور پر زیادہ اسکور کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں، لہٰذا اگر پاکستان اپنی درجہ بندی بہتر کرنا چاہتا ہے تو اسے احتساب اور انصاف فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ امر باعث تشویش ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں پاکستان کی رینکنگ بتدریج نیچے آئی ہے۔ 2019 میں یہ رینکنگ 180 ممالک میں سے 120 پرتھی، 2020 میں، یہ 124 پرتھی اور 2021 میں یہ مزید بگڑ کر 140 تک پہنچ گئی۔ پچھلے سال، کئی وزراء نے رپورٹ کے حوالے سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے سربراہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے اپوزیشن کی زبان بولتا ہوا قرار دیا، مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے، جس نے پوری اینٹی کرپشن کو تہہ و بالا کر دیا ہے۔

وزیر اعظم کو ملک میں بڑھتی ہوئی کرپشن کی روک تھام کے لئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، اشرافیہ کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات میں کارروائی کرنے میں لاپرواہی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اگر ہم نے اس پر کوئی پیش رفت کرنی ہے تو ریاستی اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ بدعنوانی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنے والی عوامی تحریکیں سامنے آئیں لیکن بہت کم تبدیلی دیکھنے کو ملی۔ پی ٹی آئی کی حکومت احتساب کے نعرے پر برسراقتدار آئی۔ کارروائی کرنے میں ناکامی بالآخر انسانی حقوق کو ختم کر دے گی اور ملک میں جمہوریت کو کمزور کر دے گی۔

Related Posts