پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے دوران آئی ٹی برآمدات کا حجم 1 ارب 24 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ ستمبر میں بھی ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں اضافہ دیکھا گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے ستمبر تک آئی ٹی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ستمبر 2026 کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کی مالیت 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی۔ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں برآمدات میں 10 فیصد جبکہ گزشتہ سال ستمبر کے مقابلے میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026-27 کے ابتدائی تین ماہ، یعنی جولائی سے ستمبر کے دوران آئی ٹی برآمدات مجموعی طور پر 1 ارب 24 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آئی ٹی کا شعبہ خدمات کی برآمدات میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس شعبے میں ایک ارب ڈالر سے زائد کا تجارتی سرپلس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پاکستان کی مجموعی خدمات کی برآمدات میں آئی ٹی کا حصہ 46 فیصد تک پہنچ گیا۔
آئی ٹی برآمدات میں اضافے کو ملکی معیشت اور غیر ملکی زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مسلسل ترقی کی صورت میں یہ شعبہ پاکستان کی برآمدی آمدن میں مزید اضافے اور عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں پاکستانی کمپنیوں کی موجودگی مستحکم کرنے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








