ڈوپنگ کیس: قومی ریسلر انعام بٹ کو بڑا ریلیف مل گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: ڈوپنگ کیس میں قومی ریسلر انعام بٹ کو بڑا ریلیف مل گیا، دو ماہ کی پابندی مکمل ہونے کے بعد انہیں دوبارہ ریسلنگ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق انعام بٹ پر عائد پابندی کا اطلاق 19 جولائی سے 18 ستمبر تک تھا، پابندی کی مدت مکمل ہونے کے بعد وہ اب بین الاقوامی اور قومی ریسلنگ سرگرمیوں میں شرکت کے اہل ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انعام بٹ سے ایشین بیچ گیمز کا سلور میڈل بھی واپس لے لیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (ITA) اور ورلڈ ریسلنگ کی جانب سے انعام بٹ کو پابندی کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا تھا۔

انعام بٹ کو اب ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کی بھی اجازت مل گئی ہے۔ وہ ریسلنگ فیڈریشن کے سیکریٹری اور پاکستان ایتھلیٹس کمیشن کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں بھی انجام دے سکیں گے۔

واضح رہے کہ ڈوپنگ معاملے کے بعد انعام بٹ نے مذکورہ عہدوں سے رضاکارانہ طور پر علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے انعام بٹ کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے انہیں ایک سال تک متعلقہ دوا کے استعمال کی اجازت بھی دے دی ہے۔

Related Posts