سوئی گیس کے نئے کنکشن کے حصول کے لیے ہزاروں شہریوں کا انتظار ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ ارجنٹ فیس جمع کروانے والے صارفین بھی تاحال کنکشن حاصل کرنے میں ناکام ہیں جبکہ سوئی گیس کمپنی نے گھریلو کنکشنز کے اجرا پر پابندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھنے کے ساتھ کمرشل کنکشنز کی فراہمی بھی روک دی ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں ماہ سے ہوٹلوں، کمرشل تندوروں اور دیگر کاروباری شعبوں کے لیے بھی نئے گیس کنکشنز کا اجرا بند کردیا گیا ہے۔ اس فیصلے سے نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ نئے کاروبار شروع کرنے کے خواہشمند افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آر ایل این جی کی سپلائی متاثر ہونے کے باعث گیس کے موجودہ نظام میں بھی قلت بڑھ گئی ہے جبکہ طلب میں اضافے نے صورتحال مزید پیچیدہ کردی ہے۔ پہلے سے موجود صارفین کو بھی گیس کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سوئی گیس حکام کے مطابق نئے کنکشنز پر پابندی وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے عائد کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ رکنے کے بعد ہی نئے کنکشنز کی بحالی کا امکان ہے۔
دوسری جانب ہزاروں صارفین کی جانب سے ارجنٹ فیس جمع کروانے کے باوجود کنکشنز جاری نہ ہونے پر سوالات اٹھ رہے ہیں کہ شہریوں سے فوری کنکشن کی مد میں رقم وصول کرنے کے باوجود انہیں سہولت کیوں فراہم نہیں کی جا رہی اور یہ پابندی کب ختم ہوگی؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








