میئر صاحب شہر کون سنبھالے گا؟ کراچی کی خستہ حالی کا ایک اور بدترین منظر! ویڈیو دیکھیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

کراچی کی سڑکوں کی خستہ حالی اور بنیادی شہری سہولتوں کی بدانتظامی کا ایک اور منظر سامنے آگیا جہاں نیپا چورنگی کے قریب سیوریج لائن کا ڈھکن پانی سے بھرے بھاری بھرکم واٹر ٹینکر کا وزن برداشت نہ کرسکا اور گاڑی سڑک پر الٹ گئی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد شہری انتظامیہ، بالخصوص میئر کراچی کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

شہر میں سڑکوں اور سیوریج کے نظام کی دیکھ بھال کس کی ذمہ داری ہے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات کہاں ہیں؟ یہ وہ سوالات ہیں جو اس واقعے نے ایک مرتبہ پھر کھڑے کردیے ہیں۔

وائرل فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ واٹر ٹینکر ایک گلی سے نکل کر مرکزی شاہراہ کی طرف آرہا تھا کہ اس کا اگلا پہیہ سیوریج لائن کے ڈھکن پر چڑھ گیا۔ ٹینکر کا وزن پڑتے ہی ڈھکن اپنی جگہ سے ہٹ گیا اور جیسے ہی پچھلا پہیہ اس مقام پر پہنچا، بھاری گاڑی اپنا توازن کھو بیٹھی اور سڑک پر الٹ گئی۔

حادثے کے نتیجے میں ٹینکر میں موجود پانی سڑک پر پھیل گیا جبکہ ڈرائیور معمولی زخمی ہوا۔

یہ واقعہ محض ایک ٹریفک حادثہ نہیں بلکہ شہری انفرااسٹرکچر کی دیکھ بھال اور متعلقہ اداروں کی نگرانی کے نظام پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ اگر ایک سیوریج ڈھکن بھاری گاڑی کا وزن برداشت نہیں کرسکتا تو عام شہریوں اور موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کیسے یقینی بنائی جاسکتی ہے؟

شہری حلقوں کا سوال ہے کہ کراچی کے مسائل حل کرنے اور سڑکوں کو محفوظ بنانے کے دعوے کب عملی اقدامات میں تبدیل ہوں گے؟ میئر کراچی اور متعلقہ اداروں کو یہ وضاحت کرنا ہوگی کہ شہر میں سیوریج کے ڈھکنوں کی مرمت، نگرانی اور دیکھ بھال کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

شہر کے بنیادی مسائل کے حل کے بجائے اگر ایسے واقعات مسلسل سامنے آتے رہے تو شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ایک سنگین سوال بن کر رہ جائے گا۔

Related Posts