اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نہیں چاہتی کہ پی ٹی آئی کو اس مرتبہ اسلام آباد آنے پر دوبارہ ’’کان پکڑ کر سمجھانا‘‘ پڑے، 27 ستمبر کو پتا چل جائے گا کہ ریاست اپنی رٹ کس طرح قائم کرتی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم ہر تین ماہ بعد انسداد دہشتگردی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہیں، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ان اجلاسوں میں شرکت نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا دو دن بعد این ایف سی میں اپنا حصہ بڑھانے اور دیگر مالی معاملات کے لیے اسلام آباد آجاتے ہیں۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو این ایف سی کے تحت جو 700 ارب روپے دیے جاچکے ہیں، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پہلے ان کا حساب دے۔
پی ٹی آئی کے اسلام آباد مارچ سے متعلق وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ اس مرتبہ بھی پی ٹی آئی کو اسلام آباد آنے پر ’’کان پکڑ کر سمجھانا‘‘ پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کی تاریخ آنے پر معلوم ہوجائے گا کہ ریاست اپنی رِٹ کس طرح قائم کرتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








