کوہاٹ: خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پولیس لائنز مسجد پر خودکش حملے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس کا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن تقریباً 20 گھنٹے بعد مکمل ہوگیا۔
حکام کے مطابق پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ایلیٹ فورس کمانڈوز، سی ٹی ڈی ٹیموں اور سکیورٹی اہلکاروں نے پولیس لائنز کی اہم عمارتوں اور مختلف حصوں کو کلیئر کرلیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کلیئرنس آپریشن کی براہِ راست نگرانی جنرل آفیسر کمانڈنگ (GOC) کوہاٹ نے کی۔ پاک فوج کے کمانڈوز، جوانوں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید بھی جائے وقوع پر موجود رہے، جبکہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اور ڈی پی او کوہاٹ نے آپریشن کی قیادت کی۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے ان کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے۔
دوسری جانب دھماکے کے مقام سے ایک اور پولیس اہلکار کی لاش برآمد ہونے کے بعد حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 22 ہوگئی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کوہاٹ اسپتال ڈاکٹر طاہر شاہ کے مطابق شہداء میں لیاقت میموریل اسپتال کے چیف ڈسٹرکٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر اسرائیل خان اورکزئی بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق حملے میں 16 پولیس اہلکار اور 6 شہری شہید ہوئے، جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
جی او سی کوہاٹ نے کلیئرنس آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے اور عزم کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور پولیس ملک و قوم کے تحفظ کے لیے صفِ اول میں کھڑی ہیں اور امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں 20 ایمبولینسز، ریسکیو گاڑیوں، ریکوری وہیکل سمیت 60 سے زائد ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا۔
شہداء کی نماز جنازہ ادا
شہید ایس پی ٹریفک کوہاٹ اکبر خان شنواری سمیت حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، صوبائی وزرا، جنرل آفیسر کمانڈنگ، کمشنر کوہاٹ، دیگر سیاسی و سماجی شخصیات، شہداء کے اہلخانہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کوہاٹ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، جبکہ اعلیٰ حکام نے پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ بعد ازاں شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیے گئے۔
واضح رہے کہ پولیس لائنز مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش حملے کے بعد دہشت گرد پولیس لائنز کے مختلف حصوں میں داخل ہوگئے تھے، جس کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے رات بھر کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو کلیئر کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








