خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں اور دیگر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سوات، ملاکنڈ اور ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4 جبکہ زیرِ زمین گہرائی 105 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ بتایا گیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہریوں نے احتیاطاً عمارتیں خالی کردیں اور کھلی جگہوں کا رخ کیا۔ اس دوران متعدد افراد کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے بھی دکھائی دیے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








