پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں دھوم مچا دی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

میلبورن : پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں دھوم مچا دی،اپنی تباہ کن باولنگ سے ہوبارٹ ہیوریکینز کی بیٹنگ کی کمر توڑ کر رکھ دی۔

جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کی جگہ میلبورن اسٹارز کا حصہ بننے والے حارث رؤف نے اپنی شمولیت کو صحیح ثابت کرتے ہوئے دوسرے ہی میچ میں پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

حارث رئوف بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ڈیبیو میچ میں حارث روف نے برسبین ہیٹ کے خلاف دو وکٹیں حاصل کیں تو دوسرے میچ میں انہوں نے ہوبارٹ ہیوریکینز کے خلاف کمال کر دکھایا اور ہوبارٹ ہیوریکینز کی بیٹنگ کی اپنی تباہ کن باولنگ کی وجہ سے کمر توڑ کر رکھ دی۔

حارث روف نے چار اورز میں 27 رنز دیکر 5 بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور پلئیر آف دی میچ بھی قرار پائے۔ حارث روف اب تک دو میچوں میں سات وکٹوں کے ساتھ بی بی ایل میں سر فہرست بولر بھی بن چکے ہیں۔

حارث رؤف کا کہنا ہے کہ میرا خواب تھا کہ میں بگ بیش کھیلوں، میرا خواب سچ ثابت ہو گیا ہے جس پر میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ میں گزشتہ دو سالوں سے سڈنی سکسرز کے ساتھ ٹریننگ کر رہا تھا اور بی بی ایل کھیلنے کے لیے بہت پرجوش تھا۔

مزید پڑھیں:کرکٹ کا نیا بدترین عالمی ریکارڈ ویرات کوہلی اور کیرون پولارڈ کے نام

انہوں نے کہا کہ میلبرن اسٹارز نے مجھے موقع دیا، مین آف دی میچ کو میں اپنی فیملی اور لاہور قلندرز کی مینجمنٹ کے نام کرتا ہوں جنہوں نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔انہوں نے کہاکہ میں اسٹریٹ کرکٹ کھیل رہا تھا، مجھے لاہور قلندرز نے پلیٹ فارم دیا۔

لاہور قلندرز اور پھر میلبرن اسٹارز نے موقع دیا، دونوں کا شکر گزار ہوں۔ حارث رؤف نے کہا کہ مجھے ڈیل اسٹین کی جگہ موقع ملا، ڈیل اسٹین میرے آئیڈیل اور لیجنڈ بولر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں لاہور قلندرز کی اکیڈمی میں دو برسوں سے ٹریننگ کر رہا ہوں، عاقب جاوید نے میرے ساتھ بہت محنت کی ہے، تیز رفتاری کی کھیل میں بڑی اہمیت ہو تی ہے میں نے اس پر توجہ دی ہے۔

لاہور قلندرز کی انتظامیہ بھی اپنی پراڈکٹ حارث رؤف کی غیر معمولی کارکردگی پر بے حد مسرور ہے۔سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ حارث رؤف سے اسی کارکردگی کی توقع تھی، وہ امیدوں پر پورا اتر رہا ہے، غیر معمولی پرفارمنس پر حارث رؤف کو مبارکباد دیتے ہیں۔

عاطف رانا نے کہا کہ اب لاہور قلندرز کا اسٹار میلبرن اسٹارز کا بھی اسٹار بن گیا ہے، لاہور قلندرز کے پلئیرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے بہت خوشی ہو رہی ہے۔

ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ حارث رؤف کو محنت کا پھل مل رہا ہے، اس کی بولنگ دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ بولروں کے لیے آسٹریلیا میں کنڈیشنز اتنی آسان نہیں ہوتیں جتنی سمجھی جاتی ہیں، ان کنڈیشنز میں اس طرح بولنگ کرنا قابل ستائش ہے، امید ہے حارث اپنی فارم کو برقرار رکھے گا۔

Related Posts