اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر اطلاعات و لیبر سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پشاور میں پیپلز پارٹی کی یوم تاسیس کے حوالے سے جلسہ تاریخ کاسب سے بڑا جلسہ تھا جس پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت الیکشن کمیشن کے فنڈز روکنے کی دھمکی دے کر اس ادارے کو مفلوج بنانا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑی ہے،ڈسکہ اور سینیٹ کے الیکشن چوری کرنے والے صاف شفاف الیکشن کی باتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی اور گندم کے ذمہ داران کو سزا نہیں دی گئی، اس ذمہ داری سندھ حکومت پر ڈالی جا رہی ہے،حفیظ شیخ کی طرح جلد شوکت ترین کو بھی قربانی کا بکرا بنایا جائیگا۔
پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے دس سالوں میں جنتا قرضہ لیا تھا یہ حکومت اس سے زیادہ قرضہ تین سالوں میں لے چکی ہے،کراچی میں لوگوں کے گھر گرانے کی بجائے ان لوگوں کو سزا دی جائے جنہوں نے زمین الاٹ کی تھی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ان کے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی سندھ ندا کھوڑو اور پیپلز پارٹی کے چیف میڈیا کوآرڈینیٹر نزیر ڈھوکی بھی موجود تھے۔
سعید غنی نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ کوئی لینے کو تیار نہیں،سندھ کی مردم شماری پر ہمیں تحفظات ہیں۔ خیبر پختونخوا کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کی یوم تاسیس کا جلسہ پشاور کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ثابت ہو۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ڈی ایم کے جلسے ناکام رہے ہیں،پیپلز پارٹی کے جلسے کی کامیابی دراصل عوام کا پیپلز پارٹی پر اعتماد ہے،عوام اس نااہل حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
ڈسکہ میں دھاندلی سے اپنے امیدوار کو جتوانے کی کوشش کی گئی، سینیٹ الیکشن میں کیمرے اور اور اپنا چیئرمین سینیٹ بنانے کے لیے دھاندلی کی گئی،ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ ہیں اور اس ادارے کو مفلوج نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ملک میں یوریا نا پید ہو گیا ہے،گندم اور چینی امپورٹ کی جا رہی ہے،کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھتا جا رہا ہے، پچھلی دفعہ تو حفیظ شیخ کو نکال دیا گیا اور اب شوکت ترین کو کب نکالیں گے وہ اچھے انسان ہیں لیکن لگتا ہے کہ جلد ایک اور وزیر خزانہ نکالا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ستر فیصد کے قریب گیس پیدا کر رہا ہے لیکن وہاں گیس نہیں مل رہی،ایل این جی میں کرپشن کی گئی ہے پیٹرولیم کی مصنوعات میں مسلسل اضافے ہو رہے ہیں جبکہ بین الاقوامی سطح پر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیں: لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل سےمیئرمزیدبااختیاربن سکتاہے،ایڈمنسٹریٹرکراچی