کراچی :سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرشید نے کراچی کے سب سے بڑے صنعتی ایریا سائٹ میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف سے درخواست کی ہے کہ سائٹ ایریا کے صنعتکاروں، ورکرز کی جان و مال کو محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے تاکہ جرائم پیشہ افراد کو لگام دی جاسکے۔
ایک بیان میں عبدالرشید نے کہاکہ سائٹ ایریا میں لوٹ مار کی وارداتیں معمول بنتی جارہی ہیں خاص طور پر چھینا چھپٹی، گاڑیاں، موٹرسائیکل چھیننے باالخصوص بینکوں سے تنخواہ والے ورکرز سے لوٹ مارکے واقعات میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جارہاہے جس سے سائٹ ایریا میں آنے والے تاجر خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں۔
انہوں نے کراچی پولیس چیف کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہاکہ جرائم پیشہ افراد اب اس حد تک نڈر ہوگئے ہیں کہ وہ فیکٹریوں میں دن دہاڑے بلاخوف وخطر مال لوٹ کرکے باآسانی فرار ہوجاتے ہیں جبکہ جرائم کے بڑھتے واقعات کے بارے میں بار بار نشاندہی کے باوجود سائٹ ایریا کو جرائم سے پاک نہیں بنایا جاسکا۔
مزید پڑھیں:منتخب، منظم اور متحد تنظیمیں ہی تاجروں کی اصل طاقت ہیں،عتیق میر