وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دعا گو ہیں کہ محمد نواز شریف جلد صحتِ کاملہ کے مالک بنیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تندرستی کی دُعا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعظم نواز شریف لندن روانہ، مریم نواز نے رخصت کیا
معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف جلد صحت مند ہو کر واپس وطن لوٹیں اور قانون کا سامنا کریں جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے طرزِ عمل سے انسانی احترام اور قانون کی بالادستی کی روشن مثال قائم کی۔
دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی محمد نواز شریف کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔انکی تندرستی کے لیے دعا کرتے ہیں کہ وہ جلد صحت مند ہوں تاکہ واپس آکر قانون کا سامنا کر سکیں ۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے طرزِ عمل سے انسانی احترام اور قانون کی بالادستی کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) November 19, 2019
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے مشن پر کاربند ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں عوامی ریلیف کے لیے بڑے اقدامات سامنے آئیں گے۔ معیشت کی بحالی سے عوام کی آسانیاں بڑھیں گی۔
انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو ہرانے کی کوشش کرنے والوں کو ہمیشہ ناکامی ہوئی اور وہ مستقبل میں بھی ناکام ہوں گے جبکہ عوام وزیر اعظم کی قیادت میں مافیا کے مقابلے میں آچکے ہیں۔
عمران خان کو ہرانے کی کوشش کرنے والے ہمیشہ ان سے ہارے ہیں،آئندہ بھی ہاریں گے۔ایک طرف مافیا ہے تو دوسری جانب عمران خان کی قیادت میں عوام ہیں۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousAwan) November 19, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کو معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان سیاسی تباہی کا باعث بنا جبکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ادارے کو مضبوط کیا جائے گا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کوگزشتہ روز بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ریڈیو پاکستان کو کماؤ پوت بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔وزیر اعظم کی ہدایت ہے کہ ریڈیو پاکستان کو مضبوط کیا جائے۔
مزید پڑھیں: بدقسمتی سے ریڈیو پاکستان سیاسی تباہی کا باعث بنا، فردوس عاشق اعوان