سکھر: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہم حسینؓ کا مؤقف اپنائے ہوئے ہیں ،یزید کے ہاتھ پر بیعت نہیں کریں گے، آزادی مارچ کی تاریخ میں تبدیلی کا فیصلہ نہیں ہوا، مذاکرات کیلئے تیار ہیں، حکومت اوچھے ہتھکنڈے چھوڑ دے۔
سکھر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جے یو آئی ف 27 اکتوبر کو پورے ملک میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی میں شریک ہو گی ،حکومت نے کشمیریوں کا سودا کر کے ملک کو ایک امتحان میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کی تاریخ میں تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، آزادی مارچ ہو کر رہے گا اور 31 اکتوبر کو قافلہ اسلام آباد میں داخل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم حسینؓ کا مؤقف اپنائے ہوئے ہیں اور یزید کے ہاتھ پر بیعت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کے ساتھ مذاکرات سے انکار نہیں کیا اپوزیشن کی رہبر کمیٹی حکومتی کمیٹی سے (آج) حکومتی ٹیم سے مذاکرات کرے گی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سب اپوزیشن جماعتیں ایک پیچ پر ہیں، تمام اپوزیشن جماعتیں اور رہبر کمیٹی مشاورت سے حکومتی کمیٹی کو جواب دے گی۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد پہنچنے کے بعد وہاں ٹھہرنے کی مدت رہبر کمیٹی طے کرے گی۔ حکومت کی جانب سے آزادی مارچ کو روکنے کیلئے خندقیں کھودنے اور کنٹینر کھڑے کرنے سے متعلق سوال پر سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ حکومت کی خندق ہمارے لئے ہموار زمین ہے اور کنٹینرز کو ہم اٹھا کر پھینک دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: شریف فیملی اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہے ، فواد چوہدری