گورنر خیبرپختونخوا کو تبدیل کیا جائے گا؟ وفاقی وزیر طارق فضل نے حقیقت کھول دی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

وفاقی حکومت نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو تبدیل کرنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے گردش کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کا کوئی سیاسی مقصد نہیں، بلکہ دہشتگردی کا خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

پارلیمنٹ میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی تجربہ کار سیاستدان اور سینئر پارلیمنٹیرین ہیں۔ انہوں نے صوبے کے انتظامی امور کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد فوری طور پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا۔

وفاقی وزیر کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے لیے تمام آئینی تقاضے پورے کیے جاچکے ہیں اور اب اس عمل کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔ دہشتگردی سے متاثرہ 12 اضلاع کو دہشتگردوں سے پاک کیا جائے گا، جس کے بعد صوبے کا انتظامی نظام صوبائی حکومت کے حوالے کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے اور حکومت بامقصد بات چیت کے لیے تیار ہے۔ اپوزیشن سنجیدہ مذاکرات کرنا چاہے تو اس کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

Related Posts