وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا خدمات دینی مدارس کنونشن کا انعقاد

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا خدمات دینی مدارس کنونشن کا انعقاد
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا خدمات دینی مدارس کنونشن کا انعقاد

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پشاور: جامعہ امداد العلوم الاسلامیہ مسجد درویش پشاور میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام عظیم الشان ” خدمات دینی مدارس کنونشن”مولانا انوار الحق سینئر نائب صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی صدارت میں منعقد ہوا۔جس میں صدر وفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

جبکہ سرپرست وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا مفتی مختار الدین شاہ،مولاناحافظ فضل الرحیم،ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری،نائب صدر وفاق مولانا سعید یوسف اور خطیب فیصل مسجد وڈائریکٹردعوۃ اکیڈمی مولانا ڈاکٹر الیاس،ناظم وفاق المدارس بلوچستان مولانا صلاح الدین ایم این اے بطور خاص شریک ہوئے۔

کنونشن میں صوبہ خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور، چارسدہ،مردان، نوشہرہ،صوابی، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہاٹ، ہنگواور خیبرو ارکزئی ایجنسی کے وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے ملحق ہزاروں دینی مدارس و جامعات کے مہتممین و منتظمین نے شرکت کی۔اس موقع پر وفاق المدارس کے گزشتہ دو سالہ امتحانات میں پوزیشن ہولڈرطلبہ اور طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔

تقریب سے وفاق المدارس العربیہ کے صدر مفتی محمد عثمانی، سینئر نائب صدر مولاناانوار الحق، ناظم اعلی مولانا محمد حنیف جالندھری، سرپرست وفاق المدارس العربیہ مولانا فضل الرحیم اشرفی، معروف روحانی شخصیت وسرپرست وفاق المدارس مفتی سید مختار الدین شاہ، نائب صدر وفاق المدارس العربیہ مولانا سعید یوسف نے خطاب کیا۔

ان کے علاوہ ناظم وفاق المدارس العربیہ صوبہ خیبر پختونخوا مولانا حسین احمد، ناظم وفاق المدارس العربیہ صوبہ بلوچستان مولانا صلاح الدین ایوبی، جامعہ عثمانیہ پشاور کے مہتمم مفتی غلام الرحمن، جمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر مولانا حامد الحق حقانی، جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطاء الحق درویش اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

کنونشن سے صدر وفاق المدارس العربیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان پچیس لاکھ طلبہ و طالبات کا نمائندہ ادارہ ہے۔ اس وقت پچیس ہزار مدارس وفاق المدارس کے ساتھ ملحق ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت مدارس کو ختم نہیں کرسکتی۔ ہم کسی کے بھی دشمن نہیں ہیں۔

اگر کوئی حق سچ کی بات کرے گا تو ساتھ دیں گے۔ جو حق سچ کے مخالف ہو تو مرتے دم تک اس کے خلاف لڑیں گے۔ ہمارا رشتہ اکابرین دیوبند سے ہے۔ پوری دنیا دیکھی ہے لیکن دین پر عمل کا جو جذبہ یہاں دیکھا وہ دنیا میں کہیں نہیں دیکھا۔ ہمارے نظام تعلیم میں اکابرین کی عملی زندگی کی جھلک ہونی چاہیے۔

ناظم اعلی وفاق المدارس العربیہ مولانا حنیف جالندھری نے خطاب میں کہا کہ مدارس کا دہشت گردی اور انتہا پسندی سے کوئی تعلق نہیں۔ مدارس کی حریت و آزادی پر ہم نے کبھی سمجھوتہ کیا ہے نہ کریں گے۔ مدارس رجسٹریشن کے حوالے سے ہم اپنے موقف پر ڈٹے ہیں۔ ہم مدارس کا تحفظ اور دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں۔ رجسٹریشن میں مدارس کبھی رکاوٹ نہیں بنا ہے۔

مدارس کے بینک اکاونٹس منجمد کرنا کسی بھی طرح درست اقدام نہیں۔ کوائف طلبی کے نام پر مدارس کو تنگ کرنا قابل مذمت ہے۔ مدارس کے خلاف مغربی ایجنڈے کی تکمیل نہیں کرنے دیں گے۔ دینی مدارس لاکھوں خواتین اور بچیوں کو بھی مفت تعلیم دے کر ملک کی شرح خواندگی میں اضافہ کر رہے ہیں۔ یہ مدارس ملک کی خدمت اور حفاظت اپنا فرض منصبی سمجھتے ہیں۔

نیز پاکستان کی ہمہ قسم تعلیمی و رفاہی دینی خدمات جاری رکھنے اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لیے ہمیشہ کی طرح چاق و چوبند رہنے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔دینی مدارس پاکستان کی نظریاتی اور جغرفیائی سرحدوں کے محافظ نیز پرائیویٹ سیکٹر میں مفت دینی اور عصری تعلیم کی عظیم تحریک ہیں۔

مدارس اسلامی عقائد اور اسلامی تعلیمات کے پہرے دار ہیں اور ان پہرہ داروں کا پہرہ دار وفاق المدارس العربیہ پاکستان ہے۔ معاشرے میں دینی بیداری مدارس کی مرہون منت ہیں۔ دینی مدارس اسلامیان عالم کی دینی ضروریات پوری کر رہے ہیں اس پر حکومت کو بجائے مدارس کے خلاف اقدامات کرنے کے مدارس کا شکریہ ادا کرنا چاہئے۔

مزید پڑھیں: کراچی: وفاق المدارس نے مجلس عاملہ کے اراکین کا اعلان کردیا

اس موقع پر سینئر نائب صدر وفاق المدارس العربیہ مولانا انوار الحق نے بھی خطاب کیا انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہٰٰ حکومت دینی مدارس کے بجائے اپنے تعلیمی اداروں کی فکر کریں۔ہم ملکی امن و سلامتی اور استحکام پر یقین رکھتے ہیں۔ مدارس کا نصاب اپنے مقاصد سے ہم آہنگ ہیں۔ وفاق المدارس العربیہ مدارس کی وحدت کی علامت اور دینی مدارس کا سب سے ذمہ دار دینی ادارہ ہے۔

Related Posts