اداس چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والا عمر شریف کسمپرسی تک کیسے پہنچا ؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Why is comedian Umer Sharif in a state of despair?

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان کے لیجنڈ اداکار اور کامیڈین عمر شریف کی اسپتال سے وہیل چیئر پر بیٹھے ہوئے ایک تصویر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ کافی بیمار نظر آرہے ہیں۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مطابق یہ تصاویر اسپتال کی ہیں جہاں عمر شریف خرابی صحت کی وجہ سے گئے تھے تاہم انہیں کیا ہوا ہے اس بارے میں فی الحال تفصیلات منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔

عمر شریف کاپس منظر
عمر شریف 19 اپریل، 1955ء کو لیاقت آباد، کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان کے مشہور تھیٹر، سٹیج، فلم اور ٹی وی کے اداکار ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ شہرت مزاحیہ سٹیج ڈرامے ہیں۔ اُن کا اصل نام تو محمد عمر ہے مگر میڈیا میں آنے کے بعد انہوں نے اپنا نام عمر شریف رکھ لیا۔ کیرئیر کا آغاز 1974ء میں 14 سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا۔1980ء میں پہلی بار انہوں نے آڈیو کیسٹ سے اپنے ڈرامے ریلیز کیے۔ پاکستان کے ساتھ ساتھ عمر شریف، ہندوستان میں بھی کافی مقبول ہیں۔

3 شادیاں
عمر شریف نے چند ماہ قبل ایک ٹی وی پروگرام میں اپنی 3 شادیوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے پہلی شادی دیبا سے کیریئر میں کامیاب ہونے کے بعد کی، ان کا کہنا تھا کہ دیبا میری پڑوسن تھی اور ہمارے گھر روز ان کا آنا جانا تھا۔

عمر شریف کا کہنا تھا کہ ان کی دوسری شادی ڈرامہ آرٹسٹ شکیلہ سے ہوئی اور لڑائی جھگڑوں کے سبب شادی صرف 3 سال چل سکی۔اداکار کے مطابق ان کی تیسری شادی اسٹیج اداکارہ زرین غزل سے ہوئی جو انہیں اچھی لگیں اور ان سے شادی کر لی۔

جائیداد کا تنازعہ
معروف کامیڈین اور اداکار عمر شریف نے جولائی میں جائیداد تیسری بیوی کو منتقلی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جبکہ عمر شریف کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے ان کی تیسری اہلیہ زرین غزل کو اپارٹمنٹ فروخت کرنے سے روک دیاتھا۔کامیڈین عمر شریف کو وہیل چیئر پر سندھ ہائی کورٹ لایا گیا، ان کے ہمراہ وکیل بھی تھے۔

وکیل عمرشریف نے کہا کہ اداکار نے 2016ء میں بینک سے قرضہ لے کر اپارٹمنٹ خریدا، وہ اب شدید علیل ہیں اور انہیں بھولنے کی بیماری لاحق ہوگئی ہے۔وکیل نے مزید کہا کہ دسمبر 2020ء میں زرین غزل نے گفٹ ڈیڈ بنواکر عمر شریف سے دستخط کروالیے۔عمر شریف کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ خدشہ ہے کہ اب 11 کروڑ روپے کا اپارٹمنٹ زرین غزل فروخت کرنا چاہتی ہیں۔

بیماری کی کیفیت
کامیڈی کے بادشاہ و لوگوں کے چہروں پر ہنسی بکھیرنے والے اداکار و میزبان عمر شریف کی نئی تصویر نے ان کے مداحوں کو افسردہ کر دیاہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمر شریف ویل چیئر پر بیٹھے ہوئے ہیں، ان کی آنکھوں کے گرد سیاہ ہلکے موجود ہیں، جب کہ ان کے چہرے پر داڑھی بھی کافی بڑھی ہوئی ہے۔وائرل تصویر کو دیکھ کر ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ عمر شریف کی طبیعت ناساز ہے۔دوسری جانب کامیڈی کنگ کی یہ حالت دیکھ کر سوشل میڈیا پر ان کے مداح عمر شریف کی صحت کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔

عمر شریف کی شہرت
شاید دنیا میں کوئی ایسی مثال مل جائے مگر پاکستان میں عمر شریف اپنی طرز کا واحد اداکار ہے جسے آڈیو کیسٹ کے ذریعے ملک گیر مقبولیت ملی اور بعد میں ویڈیو کیسٹ کے ذریعے اس کی شہرت و مقبولیت پاکستان سے نکل کر سات سمندر پار تک پھیل گئی۔

فن اداکاری کا کونسا ایسا شعبہ ہے جہاں عمر شریف کے نام کا ڈنکا نہیں بجا۔پاکستان کے اس لازوال فنکارنے آخری بار مئی 2019ء میں اسٹیج ڈرامہ میں کام کیا لیکن اس وقت ان کی حالت کافی خراب تھی جبکہ ان کو طبیعت کی خرابی کی وجہ سے اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے اپنی تمام تر نعتوں کے ساتھ ساتھ لازوال فنکاروں سے بھی نوازا ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستان میں مہدی حسن ہوں یا شوکت علی، سکندر صنم ہوں یا عمر شریف حکومت اپنے فنکاروں کی فلاح و بہبود اور دیکھ بھال پر کبھی توجہ نہیں دیتی۔

پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کرکے ملک کا مثبت تشخص پیش کرنے والے عمر شریف آج بیماری اور کسمپری کی حالت میں ہیں اور آج انہیں قوم کی دعاؤں اور حکومت کی مدد کی ضرورت ہے، حکومت فوری طور پر عمر شریف کی طبی حالت کا جائزہ لیکر ان کے علاج کیلئے اقدامات اٹھائے تاکہ اپنے اس قیمتی اثاثے کو محفوظ بنایا جاسکے۔

Related Posts