خیبرپختونخوا میں گندم کی دستیابی کے حوالے سے صورتحال تشویشناک ہونے لگی ہے جہاں سرکاری گوداموں میں موجود ذخیرہ صوبے کی موجودہ ضرورت پوری کرنے کے لیے صرف تقریباً دو ہفتوں تک کافی رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ خوراک کی دستاویز کے مطابق صوبے کے سرکاری گوداموں میں اس وقت ایک لاکھ 89 ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 14 ہزار 900 میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہوتی ہے۔ موجودہ ذخیرے کو روزانہ کی کھپت کے حساب سے دیکھا جائے تو یہ تقریباً 14 روز کی ضروریات پوری کرسکتا ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی سالانہ گندم کی ضرورت تقریباً 54 لاکھ 36 ہزار میٹرک ٹن ہے، جبکہ صوبے میں مقامی طور پر صرف 14 لاکھ 72 ہزار میٹرک ٹن گندم پیدا ہوتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مقامی پیداوار اور مجموعی ضرورت کے درمیان تقریباً 39 لاکھ 64 ہزار میٹرک ٹن کا سالانہ فرق موجود ہے جس کے باعث صوبے کو گندم کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بیرونی ذرائع پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا کی مجموعی آبادی 4 کروڑ 38 لاکھ 43 ہزار ہے۔
محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے موجودہ ذخیرے اور طلب کے تناظر میں ممکنہ گندم بحران کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے تاہم صورتحال میں بہتری کی امید بھی موجود ہے کیونکہ پاسکو سے مزید 2 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی زیرِ عمل ہے جس کی آمد سے صوبے میں گندم کے ذخائر پر دباؤ کم ہوسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








