اسلام آباد: آئی ایم ایف نے ریونیو شارٹ فال پر ڈو مور کا مطالبہ کردیا ہے، جس سے ملک کیلئے نئے معاشی چیلنجز نے جنم لیا ہے جبکہ مہنگائی سمیت دیگر معاشی مسائل میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو درپیش ریونیو شارٹ فال نے آئی ایم ایف کو حکومت سے اضافی اقدامات کا مطالبہ کرنے پر مجبور کر دیا۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے ایف بی آر کے ٹیکس اہداف میں کمی کی درخواست کو بھی مسترد کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کے ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے ٹیکس اہداف کے حصول میں ناکامی پر شارٹ فال کو پورا کرنے کے لئے اضافی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل گفتگو کے دوران ٹیکس اہداف پر نظرثانی کی درخواست کی گئی تھی، تاہم اسے تسلیم نہیں کیا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ریونیو شارٹ فال کے باعث آئندہ قسط کی فراہمی میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، جس کے پیش نظر ایف بی آر کو اضافی ریونیو اقدامات اٹھانے پڑیں گے۔ ٹیکس محصولات میں اضافے کیلئے تاجر دوست ایپ اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگانے سمیت دیگر اقدامات بھی اٹھائے جاسکتے ہیں۔