وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے نئے صوبوں کے قیام اور سندھ کی تقسیم سے متعلق بیانات پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2022 سے حکومتی معاملات میں شریک ہیں اس لیے انہیں دوسروں کو لیکچر دینے سے پہلے اپنی حکومتی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 18 برس سے سندھ میں اقتدار میں ہے تو کیا صوبے کے حالات مثالی ہوچکے ہیں اور کیا کراچی کی موجودہ حالت قابلِ فخر ہے؟
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو حاصل اختیار عوام کی امانت ہے، ذاتی میراث نہیں، جبکہ کسی بھی سیاسی رہنما کو احتساب سے بالاتر نہیں سمجھا جا سکتا۔
دوسری جانب طلال چوہدری نے پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے برسوں کے دوران عوام کا خون نچوڑ لیا ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پہلے یہ دیکھنا چاہیے کہ سندھ کے عوام میں مزید خون باقی بھی ہے یا نہیں۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بلاول آئین اور جمہوریت کی بات تو کرتے ہیں، لیکن عملی حکمرانی کے معاملے میں ان کی جماعت کی کارکردگی سوالات کی زد میں ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی سندھ میں طویل حکمرانی کا حوالہ دیتے ہوئے صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر بھی سوالات اٹھائے۔
نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام سے متعلق بحث پر وزیر مملکت نے کہا کہ جہاں گورننس کے مسائل موجود ہیں، وہاں اصلاحات کی ضرورت ہے جبکہ بہتر انتظامی کارکردگی والے علاقوں کو تقسیم کرنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے بلاول کے خونریزی سے متعلق بیان پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں اختلافات کا حل ووٹ اور سیاسی مکالمہ ہے خون خرابہ نہیں۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا حکومتی اتحاد طویل المدتی مشاورت کے بعد قائم ہوا تھا اور دونوں جماعتیں اسی انتظام کے تحت حکومت چلا رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








