سال 2026 کا طاقتور ترین طوفان ڈولفن چین کے مشرقی ساحلوں سے ٹکرا گیا، ساحلی علاقے موسلا دھار بارشوں اور انتہائی تیز ہواؤں کی زد پر آگئے اور 10 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ساحلی علاقوں سے ڈولفن کے ٹکرا جانے کے بعد سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کا انتباہ جاری کردیا گیا۔ اس سے قبل یہ طوفان 6 افراد کو جاپان میں زخمی کرچکا ہے اور طوفان ٹکرانے کے نتیجے میں اوکیناوا کی 50 ہزار سے زائد عمارات کی بجلی معطل کردی گئی۔
چینی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈولفن نامی ٹائیفون اتوار کی شام 5 بج کر 30 منٹ کے قریب مشرقی صوبے ژجیانگ کے ساحلی علاقے سے ٹکرایا۔ طوفان کے مرکز میں اس وقت ہواؤں کی رفتار 151 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی جسے سفیر سمپسن اسکیل پر کیٹگری ون کا ہولناک طوفان قرار دیاجاسکتا ہے۔
شدید موسمیاتی خطرات اور طوفان کے باعث چینی حکام پہلے ہی ساحل کے قریبی علاقوں میں کام کرنے والے ملازمین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرچکے تھے۔ کشتیوں کو بندرگاہوں پر واپس بلالیا گیا۔ ڈیموں، پہاڑی ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقوں پر نگرانی کا عمل سخت کردیا گیا۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ 10 اگست تک ژجیانگ کے علاوہ شنگھائی، شمالی فوجیان، شمال مشرقی جیانگ شی اور دیگر علاقوں میں شدید بارشوں کا خدشہ ہے جبکہ ژجیانگ کے کچھ حصے 250 سے 500 ملی میٹر کی بارش کا شکار ہوسکتے ہیں۔ خدشیہ ہے کہ ڈولفن نامی یہ طوفان مغربی علاقوں کی جانب برھ سکتا ہے جس سے وسطی اور جنوب مغربی چین میں اس کی شدت کم ہونے کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








